فلسطین اور کشمیر کے حل کے بغیر امن ناممکن ہے ، عاصم افتخار

10:59 AM, 7 Oct, 2025

نیویارک : اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے مسئلے حل کیے بغیر دنیا میں حقیقی امن قائم نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ ان دونوں خطوں میں جاری غیر ملکی قبضے اور انسانی حقوق کی پامالی کو ختم کرنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔

اپنے خطاب میں عاصم افتخار نے بتایا کہ آج بھی دنیا میں کئی علاقے ایسے ہیں جہاں لوگ نوآبادیاتی طرز کے تسلط میں زندگی گزار رہے ہیں، اور فلسطین و کشمیر ان میں سب سے اہم مثالیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سالوں میں اسرائیلی بمباری میں 66 ہزار سے زیادہ فلسطینی مارے جا چکے ہیں جن میں زیادہ تر بچے اور خواتین شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں امن کا واحد راستہ فلسطینیوں کو ان کا حق خودارادیت دینا ہے، جس کے لیے 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر ایک آزاد فلسطینی ریاست قائم ہونی چاہیے جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو۔

مقبوضہ کشمیر کے بارے میں انہوں نے کہا کہ یہ دنیا کا سب سے زیادہ فوجی زدہ علاقہ ہے جہاں نو لاکھ سے زائد بھارتی فوجی موجود ہیں اور کشمیریوں کو ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیاں اور دیگر زیادتیوں کا سامنا ہے۔ انہوں نے 2019 کے بھارتی یکطرفہ اقدامات کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی قرار دیا اور کہا کہ بھارت کشمیریوں کی زمینوں پر قبضہ کر کے علاقے کی آبادیاتی ترتیب بدلنے کی کوشش کر رہا ہے۔

عاصم افتخار نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن اسی وقت ممکن ہوگا جب مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل نکالا جائے گا۔ انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی قراردادوں پر عمل کرائے اور کشمیریوں کو ان کا جائز حق دلائے۔

مزیدخبریں