پنجاب میں بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال، ستلج اور راوی میں نچلے درجے کا سیلاب

10:16 AM, 7 Oct, 2025

لاہور  : پنجاب میں حالیہ بارشوں کے بعد سیلاب کی صورتحال ایک بار پھر تشویشناک ہو گئی ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) نے خبردار کیا ہے کہ دریاؤں میں پانی کا بہاؤ تیزی سے بڑھ رہا ہے، جس سے سیلاب کا خطرہ پیدا ہو چکا ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا اور دریائے راوی میں ہیڈ سدھنائی کے مقام پر نچلے درجے کے سیلاب آ چکے ہیں۔ دریائے جہلم میں منگلا اپ اسٹریم پر پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے، اور اگلے 24 گھنٹوں میں وہاں درمیانے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ادھر ضلع بہاولپور میں بدترین سیلاب تو گزر چکا ہے، لیکن اپنے پیچھے تباہی کے گہرے اثرات چھوڑ گیا۔ ہزاروں مکانات زمین بوس ہو چکے ہیں، جب کہ لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں پانی میں بہہ گئیں۔ اب ان علاقوں میں جمع شدہ پانی کی وجہ سے مچھروں کی بہتات ہو گئی ہے، جس سے بیماریوں کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

ملتان کی تحصیل جلال پور پیر والا میں بھی پانی کی نکاسی جاری ہے، لیکن کچھ نشیبی علاقے اب بھی زیرِ آب ہیں۔ مقامی انتظامیہ امدادی کارروائیاں کر رہی ہے۔

دوسری جانب نوراجہ بھٹہ بند میں پڑنے والے تمام 7 شگاف بند کر دیے گئے ہیں۔ تاہم، سیلاب کی وجہ سے موٹر وے M-5 کی بندش کو 25 دن گزر چکے ہیں۔ حکام کے مطابق موٹر وے کا 23 کلومیٹر کا حصہ 13 مختلف جگہوں سے متاثر ہوا ہے۔ مرمتی کام جلد شروع کیا جائے گا، جب کہ ٹریفک کو متبادل راستوں سے گزارا جا رہا ہے۔

حکام کی جانب سے شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ دریا کے کناروں سے دور رہیں، محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ضلعی انتظامیہ یا متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں۔

مزیدخبریں