پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان استنبول میں مذاکرات جاری ہیں، سوشل میڈیا پر جاری کسی بیان پر دھیان نہ دیا جائے ، ترجمان دفتر خارجہ

03:19 PM, 7 Nov, 2025

اسلام آباد: پاکستان کے دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ افغان طالبان کے ساتھ استنبول میں مذاکرات جاری ہیں اور ان میں مثبت پیشرفت ہو رہی ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بتایا کہ پاکستان نے طالبان کو اپنے مطالبات واضح طور پر پیش کیے ہیں، جن میں افغان سرزمین کو دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دینے کا مطالبہ بھی شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں ثالث پاکستان کے موقف کی مکمل حمایت کر رہے ہیں اور اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ افغان طالبان پاکستان کے شواہد پر مبنی مطالبات کو سنجیدگی سے لیں۔

پاکستان نے اس بات کا بھی اعادہ کیا ہے کہ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، کیونکہ پانی پاکستان کی بقا کے لیے انتہائی اہم ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، پاکستان نے غزہ میں اسرائیل کی جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہوئے فلسطینی علاقوں سے اسرائیلی افواج کے فوری انخلا کا مطالبہ کیا ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی دہشت گردی اور ظلم کی شدید مذمت کرتے ہوئے طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرتا رہے گا۔

پاکستان کے صدر آصف علی زرداری کی دوحہ کانفرنس میں شرکت اور عالمی رہنماؤں سے ملاقاتوں کا بھی ذکر کیا گیا، جس میں مسئلہ کشمیر پر پاکستان کا مؤقف واضح کیا گیا۔دوسری طرف، وزیراعظم شہباز شریف اس وقت آذربائیجان کے دورے پر ہیں، جہاں وہ یوم فتح کی پانچویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کر رہے ہیں۔

مزیدخبریں