وزیراعظم شہباز شریف آذربائیجان کے یوم فتح کی تقریب میں شرکت کے لیے باکو روانہ ہوگئے

12:52 PM, 7 Nov, 2025

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف آذربائیجان کے یوم فتح کی پانچویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کے لیے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو روانہ ہو گئے ہیں۔ یہ دورہ آذربائیجان کے صدر عزت مآب الہام علیوف کی دعوت پر ہو رہا ہے، اور وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

وزیراعظم کے اس دورے کے دوران آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ملاقات ہوگی، جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے، تجارت، توانائی، دفاع، تعلیم، اور علاقائی روابط جیسے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کی جائے گی۔

پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں اور دونوں ممالک مشترکہ عقائد، تاریخ، ثقافت، اور باہمی اعتماد کی بنیاد پر جڑے ہوئے ہیں۔ دونوں ممالک عالمی فورمز پر ایک دوسرے کے ساتھ قریبی تعاون کرتے ہیں، خاص طور پر تنظیم تعاون اسلامی (OIC)، اکانومک کوآپریشن آرگنائزیشن (ECO)، اور اقوامِ متحدہ (UN) میں۔

وزیراعظم کا یہ دورہ آذربائیجان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی حمایت کو مزید مضبوط کرنے کے لیے ایک اہم قدم ہے، اور دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کرتا ہے۔

مزیدخبریں