ممبئی : بالی ووڈ کی مشہور جوڑی، کترینہ کیف اور وکی کوشل نے اپنے پہلے بچے کی پیدائش کا اعلان کر دیا ہے۔ وکی نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے اپنے مداحوں کو خوشخبری سنائی اور بتایا کہ ان کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔
وکی نے اپنے پیغام میں لکھا، "ہماری خوشی کا بنڈل آ گیا ہے، بے پناہ محبت اور شکریہ کے ساتھ، ہم اپنے بچے کو خوش آمدید کہتے ہیں۔" انہوں نے بیٹے کی پیدائش کی تاریخ بھی شیئر کی، جو 7 نومبر 2025 تھی۔
جیسے ہی وکی نے یہ خبر شیئر کی، بالی ووڈ کے ساتھی فنکاروں اور مداحوں نے جوڑے کو مبارکباد دینے کا سلسلہ شروع کر دیا، اور ننھے مہمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
کترینہ اور وکی کوشل نے 9 دسمبر 2021 کو راجستھان میں شادی کی تھی۔ کترینہ کے حاملہ ہونے کی خبریں 2022 اور 2023 میں بھی سامنے آئی تھیں، مگر ان خبروں کی تردید کترینہ کے قریبی ذرائع نے کی تھی۔
15 ستمبر 2025 کو دونوں نے انسٹاگرام پر ایک اور پوسٹ شیئر کی تھی جس میں کہا تھا کہ وہ اپنے زندگی کے ایک نئے اور خوبصورت باب کا آغاز کر رہے ہیں اور ان کے دل خوشی اور شکرگزاری سے بھرے ہوئے ہیں۔