ایلون مسک ایک ٹریلین ڈالر معاوضہ لینے والے دنیا کے پہلے سی ای او منتخب ہوگئے

01:30 PM, 7 Nov, 2025

آسٹن : ٹیسلا کے بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ایلون مسک نے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ وہ دنیا کے پہلے سی ای او بن گئے ہیں جنہیں ایک ٹریلین ڈالر (760 ارب پاؤنڈ) کے معاوضے کے پیکیج کی منظوری ملی ہے، اور یہ فیصلہ کمپنی کے شیئر ہولڈرز کی جانب سے بڑی اکثریت سے کیا گیا۔

ٹیسلا کے سالانہ جنرل اجلاس میں ہونے والی ووٹنگ میں 75 فیصد حصص داروں نے اس غیر معمولی معاوضے پیکیج کی حمایت کی، جس کے بعد ہال میں زبردست تالیاں بجائیں گئیں۔ اس پیکیج کے تحت ایلون مسک کو اگلے 10 سالوں میں ٹیسلا کی مارکیٹ ویلیو بڑھانے پر یہ معاوضہ دیا جائے گا۔ اگر وہ اس دوران مخصوص اہداف حاصل کرتے ہیں تو انہیں سینکڑوں ملین شیئرز ملیں گے، جن کی مالیت تقریباً 1 ٹریلین ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔

اگرچہ اس معاہدے پر بعض حلقوں کی جانب سے تنقید کی جا رہی ہے، ٹیسلا کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا کہنا ہے کہ اگر مسک کے لیے یہ پیکیج منظور نہ کیا جاتا تو وہ کمپنی چھوڑ سکتے ہیں اور ٹیسلا کے بغیر کام کرنا مشکل ہو سکتا تھا۔

فیصلے کے بعد ایلون مسک نے ٹیکساس کے شہر آسٹن میں اجلاس کے سٹیج پر آ کر رقص کیا اور شرکاء نے ان کے حق میں نعرے لگائے۔ مسک نے اپنے خطاب میں کہا، "ہم جو کچھ شروع کرنے جا رہے ہیں وہ ٹیسلا کے مستقبل کا نیا باب نہیں، بلکہ ایک نئی کتاب ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ "دوسری کمپنیوں کے شیئر ہولڈر اجلاس بہت بورنگ ہوتے ہیں، لیکن ہمارا اجلاس واقعی شاندار ہے۔"

مسک کے اہداف میں شامل ہے کہ وہ ٹیسلا کی مارکیٹ ویلیو کو موجودہ 1.4 ٹریلین ڈالر سے بڑھا کر 8.5 ٹریلین ڈالر تک لے آئیں، اور کمپنی کی 10 لاکھ خودکار روبوٹیکسی گاڑیاں کمرشل آپریشنز میں شامل کریں۔ یہ پیکیج مسک کی بلند پروازیوں اور ٹیسلا کے مستقبل کے لیے ان کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔

مزیدخبریں