پی سی بی چیئرمین محسن نقوی آئی سی سی اجلاس کے لیے دبئی روانہ ہوں گے

10:58 AM, 7 Nov, 2025

لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی آج آئی سی سی کے ایک اہم اجلاس میں شرکت کے لیے دبئی روانہ ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کا ماحول کشیدہ ہو سکتا ہے کیونکہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے محسن نقوی کے خلاف اعتراضات اٹھائے جانے کی خبریں ہیں۔

بی سی سی آئی محسن نقوی کے دو اہم عہدوں، یعنی پی سی بی چیئرمین اور وفاقی وزیر داخلہ، کو آئی سی سی کے گورننس اصولوں کے خلاف قرار دینے کی تیاری کر رہا ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ نے محسن نقوی کے ایشیا کپ کے دوران فیصلوں اور ان سے جڑے کچھ سیاسی معاملات پر مبنی شکایات کی ایک فہرست تیار کی ہے۔

اس تنازعے کی اصل وجہ وہ واقعہ ہے جب ایشیا کپ کے فائنل کے بعد بھارتی کپتان سوریا کمار یادو نے محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے انکار کر دیا اور ایشین کرکٹ کونسل کے دیگر ممبران سے ٹرافی لینے کا کہا تھا۔ محسن نقوی نے ان کا طویل انتظار کیا مگر وہ اسٹیج پر نہیں آئے، جس کے بعد محسن نقوی نے ٹرافی کو ایشین کرکٹ کونسل کے دفتر منتقل کر دیا۔

پی سی بی کے ذرائع کے مطابق، محسن نقوی اس تمام دباؤ کے باوجود پراعتماد ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایشین کرکٹ کونسل کے صدر کی حیثیت سے تمام فیصلے اپنے آئینی اور قانونی حدود میں رہ کر کیے ہیں۔ مزید یہ کہ محسن نقوی نے اجلاس میں پاکستان کا مؤقف مضبوط طریقے سے پیش کرنے کے لیے بین الاقوامی ماہرین قانون سے مشاورت بھی مکمل کر لی ہے۔

مزیدخبریں