قازقستان باضابطہ طور پر ابراہم معاہدے کا حصہ بن گیا ہے، صدر ڈونلڈ ٹرمپ

11:57 AM, 7 Nov, 2025

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ قازقستان باضابطہ طور پر ابراہم معاہدے کا حصہ بن گیا ہے۔ یہ اعلان وائٹ ہاؤس میں وسطی ایشیائی ممالک کے رہنماؤں سے ملاقات کے بعد کیا گیا، جس میں قازقستان کے صدر بھی شریک تھے۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ قازقستان کے صدر اور اسرائیلی وزیراعظم کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ بھی ہوا ہے اور یہ پیشرفت عالمی امن، تعاون اور خوشحالی کی طرف ایک اہم قدم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں مزید ممالک اس معاہدے کا حصہ بنیں گے، جس سے یہ معاہدہ مزید مستحکم ہو گا۔

ٹرمپ نے کہا کہ غزہ میں جلد بین الاقوامی فورس کی تعیناتی کی جائے گی، اور اگر حماس نے امن معاہدے میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی تو اس کے خلاف طاقت کا استعمال کیا جائے گا۔

قازقستان کے صدر قاسم جومارت توقایف نے اس موقع پر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت کی تعریف کی اور کہا کہ ٹرمپ نے صرف آٹھ ماہ میں آٹھ جنگوں کو روک کر عالمی امن کی کوششوں میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

امریکی نمائندہ خصوصی برائے مشرق وسطیٰ سٹیو وٹکوف نے پہلے ہی یہ عندیہ دیا تھا کہ ایک اور ملک ابراہم معاہدے میں شامل ہونے جا رہا ہے، مگر ان کا نام نہیں بتایا تھا۔ اس کے بعد، قازقستان کے صدر نے امریکی صدر کے ساتھ ملاقات میں باضابطہ طور پر اس معاہدے میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔

مزیدخبریں