پیپلز پارٹی نے این ایف سی فارمولے میں تبدیلی کی تجویز مسترد کر دی

09:57 AM, 7 Nov, 2025

اسلام آباد: پیپلز پارٹی نے قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) فارمولے میں تبدیلی کی حکومت کی تجویز کو مسترد کر دیا ہے۔ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ آرٹیکل 243 میں ترمیم کے حوالے سے سی ای سی (مرکزی ایگزیکٹیو کمیٹی) کی تجاویز منظور کی گئی ہیں۔ بلاول بھٹو نے آئینی عدالت کے قیام پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس میں چاروں صوبوں کی برابری کو یقینی بنایا جانا چاہیے، اور اس پر حتمی فیصلہ آج نماز جمعہ کے بعد سی ای سی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔

پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کا اجلاس 27 ویں آئینی ترمیم کے بارے میں بھی ہوا، جس میں پارٹی کے صدر آصف علی زرداری، بلاول بھٹو، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور دیگر اہم رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں مجوزہ آئینی ترمیم کے نکات پر تفصیل سے بات چیت کی گئی، اور سی ای سی کے ارکان کو ان معاملات پر آگاہ کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق، اجلاس میں زیادہ تر ارکان نے این ایف سی ایوارڈ اور صوبوں کے مالیاتی حصے پر گفتگو کی۔ پیپلز پارٹی نے اپنے دیرینہ موقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ صوبوں کو زیادہ خودمختاری ملنی چاہیے۔ اس کے علاوہ، پارٹی قیادت نے وفاقی حکومت کی بعض تجاویز سے اختلاف کیا اور ان پر مزید بات چیت کرنے کا فیصلہ کیا۔

سی ای سی کے اجلاس میں طے پایا کہ آئینی ترمیم کے مجوزہ ڈرافٹ پر ن لیگ اور دیگر پارلیمانی جماعتوں سے مشاورت کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی پیپلز پارٹی کے قانونی ماہرین نے مجوزہ ترمیم میں اپنی آراء شامل کیں، جن میں چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے ممبران کے انتخاب میں رکاوٹیں دور کرنے کی بات کی گئی ہے۔

مزیدخبریں