سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا گرفتار

10:19 AM, 7 Nov, 2025

فیصل آباد : سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کو گرفتاری کے بعد فیصل آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے انہیں جیل منتقل کر دیا گیا۔ صاحبزادہ حامد رضا کو پولیس کی سکیورٹی میں جیل روانہ کیا گیا۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب صاحبزادہ حامد رضا پشاور سے فیصل آباد جا رہے تھے کہ اسلام آباد پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا۔ ان کی گرفتاری کی تصدیق سنی اتحاد کونسل کے قائم مقام چیئرمین صاحبزادہ حسن رضا نے کی۔

فیصل آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے صاحبزادہ حامد رضا کو 9 مئی کے پرتشدد واقعات کے حوالے سے مقدمے میں 10 سال قید کی سزا سنائی تھی۔ یہ فیصلہ 31 جولائی 2025 کو سنایا گیا، جس میں عدالت نے حساس اداروں پر حملوں اور غلام محمد آباد تھانے میں درج مقدمات کی سماعت مکمل کی تھی۔ اس مقدمے میں 108 افراد کو مختلف سزائیں دی گئیں، جن میں پی ٹی آئی کے رہنما جیسے عمر ایوب، شبلی فراز اور زرتاج گل بھی شامل تھے، جبکہ فواد چوہدری اور زین قریشی سمیت کچھ شخصیات کو بری کر دیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ صاحبزادہ حامد رضا نے ستمبر 2025 میں تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سیکرٹری انفارمیشن کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

مزیدخبریں