بھارت کی شکستِ فاش: امریکہ کے ترلے اور سفید جھنڈے کی دہائی، محسن نقوی نے معرکہِ حق کے حقائق سامنے رکھ دیے

12:56 PM, 7 May, 2026

اسلام آباد :وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ معرکہِ حق میں پاکستان نے دشمن کا تکبر خاک میں ملا دیا، بھارت کو اپنی مکمل تباہی کا یقین ہو گیا تھا جس کے باعث اسے سفید جھنڈا لہرانا پڑا۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے انکشاف کیا کہ بھارت نے جنگ رکوانے کے لیے امریکہ کی منت سماجت کی اور بھارتی حکام جان بچانے کے لیے بار بار واشنگٹن فون کرتے رہے۔
محسن نقوی نے بتایا کہ جنگ کے دوران بھارت کے تمام اہم فوجی مراکز ہمارے نشانے پر تھے اور پاکستانی ڈرون کئی گھنٹوں تک بھارتی شہروں پر بلا خوف و خطر پرواز کرتے رہے، جس نے دشمن کی نیندیں حرام کر دیں۔ بھارت کو معلوم تھا کہ پاکستان کی جوابی کارروائی اسے مفلوج کر دے گی، اسی لیے اس نے گھٹنے ٹیکنے میں ہی عافیت جانی۔
وزیر داخلہ نے بتایا کہ اس معرکے میں اللہ کی مدد ہمارے ساتھ رہی؛ بھارت نے بدحواسی میں پاکستان پر 16 میزائل فائر کیے، لیکن دشمن کی ٹیکنالوجی دھری کی دھری رہ گئی اور 16 میں سے صرف ایک میزائل نشانے پر لگا، جبکہ باقی تمام حملے ناکام رہے۔
اندرونی صورتحال پر بات کرتے ہوئے محسن نقوی نے واضح کیا کہ ملکی استحکام کے لیے مثبت قدم اٹھانے والوں کا خیر مقدم کریں گے، لیکن ملک میں دنگا فساد اور انتشار پھیلانے کی کسی کو ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ ریاست کی رٹ کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہو گی۔

مزیدخبریں