بھارتی جارحیت کا انجام عبرتناک، پاکستان کا عسکری نظام دنیا میں بہترین ثابت ہوا: ڈاکٹر فاروق ستار

12:15 PM, 7 May, 2026

کراچی :متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے ’معرکہِ حق‘ میں پاکستان کی شاندار فتح پر پاک افواج اور قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے ثابت کر دیا ہے کہ جذبہِ ایمانی اور پیشہ ورانہ مہارت کے سامنے عددی برتری کوئی حیثیت نہیں رکھتی۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ پاکستان نے اپنے سے دس گنا بڑے دشمن کو میدانِ جنگ میں دھول چٹا کر تاریخ رقم کی ہے۔ بھارتی جارحیت کا جس دلیری سے مقابلہ کیا گیا اور جو منہ توڑ جواب دیا گیا، اس نے دشمن کے تمام عزائم کو ملیا میٹ کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی صرف ایک جنگ کی جیت نہیں بلکہ حق اور سچ کی فتح ہے۔
رہنما ایم کیو ایم نے زور دے کر کہا کہ اس تاریخی معرکے میں پاک افواج، حکومت اور عوام نے جس مثالی اتحاد کا مظاہرہ کیا، اس نے دشمن کو گھٹنوں کے بل گرنے پر مجبور کر دیا۔ انہوں نے عسکری قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج پوری دنیا اعتراف کر رہی ہے کہ پاکستان کا دفاعی اور عسکری نظام جدید ترین اور بہترین ہے۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے مزید کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے لیکن ہماری امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ معرکہِ حق نے واضح کر دیا ہے کہ مادرِ وطن کے دفاع کے لیے پوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے اور ہم کسی بھی مہم جوئی کا جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

مزیدخبریں