عازمینِ حج کی سہولت اولین ترجیح: وزیر داخلہ محسن نقوی کا اسلام آباد ایئرپورٹ پر امیگریشن کاؤنٹرز کا ہنگامی معائنہ

11:35 AM, 7 May, 2026

اسلام آباد :وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد ایئرپورٹ کا دورہ کیا اور حج فلائٹس کے آغاز کے تناظر میں عازمینِ حج اور عام مسافروں کے لیے کیے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ وزیر داخلہ نے امیگریشن ہال میں کافی وقت گزارا اور وہاں موجود عملے کو ہدایات جاری کیں۔
محسن نقوی نے خصوصی طور پر ’’روڈ ٹو مکہ‘‘ اقدام کے تحت قائم سعودی امیگریشن کاؤنٹرز کا معائنہ کیا۔ انہوں نے دیکھا کہ کس طرح عازمین کی سعودی عرب کے لیے امیگریشن کا عمل پاکستان میں ہی مکمل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے عملے کو ہدایت کی کہ رش کے اوقات میں اضافی کاؤنٹرز فعال رکھے جائیں تاکہ عازمین کو انتظار کی زحمت نہ ہو۔
وزیر داخلہ خود مسافروں کے پاس گئے اور ان سے امیگریشن افسران کے رویے اور سہولیات کے معیار کے بارے میں براہِ راست سوالات کیے۔ انہوں نے مسافروں سے دریافت کیا کہ انہیں کسی قسم کی غیر ضروری تاخیر کا سامنا تو نہیں۔ عازمینِ حج نے انتظامات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ کو دعائیں دیں۔
محسن نقوی نے ایف آئی اے (FIA) اور ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کے عملے سے ملاقات کی اور زور دیا کہ عازمینِ حج ہمارے ملک کے سفیر اور اللہ کے مہمان ہیں، ان کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مسافروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا ایئرپورٹ حکام کی ذمہ داری ہے۔

مزیدخبریں