اسلام آباد:سربراہِ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ ’معرکہِ حق‘ میں پاک فضائیہ کے شاہینوں نے جس جرات اور رفتار سے جواب دیا، اس نے دشمن کو حیرت زدہ کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فضائیہ ہماری توقع سے کہیں پہلے گھٹنوں کے بل گر پڑی اور اس کا تکبر خاک میں مل گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایئر ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ تقریبِ اعزازات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ایئر چیف نے انکشاف کیا کہ معرکے کے دوران دشمن کے تمام اہم فوجی اہداف پاک فضائیہ کے نشانے پر تھے۔ شاہینوں نے نہ صرف دفاع کیا بلکہ جارحانہ حکمتِ عملی اپناتے ہوئے دشمن کے اہم ترین دفاعی مراکز اور ایئر ڈیفنس سسٹم کو شدید نقصان پہنچایا، جس نے بھارتی فوج کی جنگی صلاحیتوں کو مفلوج کر کے رکھ دیا۔
اس پروقار تقریب میں ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بھارت کے خلاف فضائی معرکے میں غیر معمولی بہادری دکھانے والے افسران اور پائلٹس میں اعزازات تقسیم کیے۔ انہوں نے کہا کہ ان غازیوں نے ثابت کیا کہ فضائی سرحدوں کا تحفظ ہمارے لیے مقدم ہے اور ہم کسی بھی مہم جوئی کا دندان شکن جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
ایئر چیف نے واضح کیا کہ پاک فضائیہ مستقبل کے تمام چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اپنی تیاریوں کو پوری قوت کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہے۔ تقریب کے دوران ملی نغموں نے شرکاء کا لہو گرما دیا اور ہر طرف 'پاک فضائیہ زندہ باد' کی گونج سنائی دی۔ ایئر چیف نے پاک فضائیہ کے ہر سپاہی کے جذبے کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مادرِ وطن کا دفاع ناقابلِ تسخیر رہے گا۔
بھارتی فضائیہ کی نام نہاد برتری کا خاتمہ، دشمن کے ایئر ڈیفنس پر کاری ضرب: ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو
10:50 AM, 7 May, 2026