راولپنڈی: پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کے خلاف 'معرکہ حق' کا ایک سال مکمل ہونے پر عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور آئندہ کسی بھی مہم جوئی کا جواب پہلے سے زیادہ سخت اور کاری ضرب کے ساتھ دیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس معرکے نے دشمن کو پاکستان کی فیصلہ کن صلاحیت اور جنگی تیاریوں کا واضح مشاہدہ کرایا ہے۔
معرکہ حق نے پاکستانی قوم کے اعتماد کو نئی جدت دی اور حب الوطنی کے جذبے کو مزید تقویت بخشی ہے۔ پاک فضائیہ نے جدید ٹیکنالوجی اور سمارٹ سسٹمز کے ذریعے اپنی پیشہ ورانہ مہارت کو دنیا بھر میں ثابت کیا۔ فضائی جنگ کے دوران انجام دیے گئے آپریشنز پیشہ ورانہ مہارت کا منفرد مظہر تھے، جس نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاک افواج خطے کی بدلتی ہوئی جیو پولیٹیکل صورتحال اور دشمن کی جارحانہ عسکری تیاریوں سے پوری طرح باخبر ہیں۔ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے لیکن اس کے لیے امن ہمیشہ عزت، وقار اور خود مختار برابری کے اصولوں سے جڑا رہا ہے۔ پاک فضائیہ مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جدید صلاحیتوں اور ٹیکنالوجی میں مسلسل سرمایہ کاری کر رہی ہے تاکہ ہمیشہ "Second to None" رہے۔مسلح افواج نے مشترکہ بیان میں پاک فضائیہ کے ہر جوان اور افسر کو ان کی انتھک محنت اور غیر معمولی آپریشنل توجہ پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے، جنہوں نے ملکی فضائی حدود کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔