اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے معاشی ایجنڈے سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے گا، چاہے حالات کیسے بھی ہوں۔ دشمن کی جانب سے جنگ یا جارحیت کی کوششیں ہماری ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتیں۔
ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بھارتی حملے پر پاک فضائیہ کے جرات مندانہ اور بروقت ردعمل کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستانی طیارے محض آلات نہیں بلکہ ہمارے قومی عزم اور دفاع کی علامت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قومیں وہی کامیاب ہوتی ہیں جو اپنی سرزمین کا دفاع کرنا جانتی ہوں۔ پاک فضائیہ کے جوانوں نے جس انداز سے بھارتی حملے کا جواب دیا اور پانچ دشمن طیارے تباہ کیے، وہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستانی قوم ہر خطرے کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہماری افواج نے دنیا کو دکھا دیا ہے کہ پاکستان کے خلاف جارحیت کا انجام کیا ہو سکتا ہے۔ یقین ہے کہ اب دشمن ایسی مہم جوئی سے پہلے کئی بار سوچے گا۔
وفاقی وزیر نے زور دیا کہ آج کے دور میں اصل قومی سلامتی کا انحصار معیشت پر ہے۔ اگر ہم اپنے لوگوں کے لیے بہتر مستقبل چاہتے ہیں تو معاشی طور پر مستحکم ہونا ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں پرانی سوچ ترک کر کے ترقی، ٹیکنالوجی اور جدید علوم کو اپنانا ہوگا۔ آج کی دنیا مصنوعی ذہانت اور جدید ڈیجیٹل نظام پر چل رہی ہے، اور پاکستان کو بھی اس رفتار کے ساتھ خود کو ڈھالنا ہوگا۔