بھارتی حملے کے بعد پاکستان سٹاک مارکیٹ میں شدید مندی، سرمایہ کار خوفزدہ

12:56 PM, 7 May, 2025

کراچی :  بھارت کی جانب سے حملے اور اس کے بعد پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال نے پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ کو ہلا کر رکھ دیا۔ کاروباری ہفتے کے تیسرے دن مارکیٹ کے آغاز پر ہی شدید مندی دیکھی گئی، اور ہنڈرڈ انڈیکس 6000 سے زائد پوائنٹس گر کر ایک لاکھ 7 ہزار 7 پوائنٹس کی نچلی سطح پر آ گیا۔

گزشتہ روز مارکیٹ 533 پوائنٹس کمی کے ساتھ ایک لاکھ 13 ہزار 568 پوائنٹس پر بند ہوئی تھی، لیکن آج کی صورتحال نے سرمایہ کاروں میں بے یقینی اور گھبراہٹ کو بڑھا دیا ہے۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت کی جارحیت اور ممکنہ جنگ کے خطرے نے مالیاتی منڈیوں کو غیر مستحکم کر دیا ہے۔ سرمایہ کار تیزی سے شیئرز بیچ رہے ہیں اور محتاط ہو کر مارکیٹ سے باہر نکل رہے ہیں۔

دوسری جانب بھارتی معیشت بھی دباؤ کا شکار ہے۔ بھارتی روپیہ ڈالر کے مقابلے میں کمزور پڑ گیا ہے، جس سے وہاں کی مارکیٹوں میں بھی غیر یقینی کیفیت پیدا ہو گئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر کشیدگی بڑھتی رہی تو بھارت کو بھی اقتصادی طور پر بھاری نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔

مزیدخبریں