پی ایس ایل میچز اپنے شیڈول کے مطابق ہوں گے، پی سی بی کا اعلان

12:26 PM, 7 May, 2025

لاہور  :  بھارتی جارحیت کے باوجود پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ پی ایس ایل کے تمام میچز طے شدہ شیڈول کے مطابق ہی جاری رہیں گے۔ پی سی بی کے مطابق، آج راولپنڈی میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ معمول کے مطابق ہوگا۔ ٹاس شام ساڑھے سات بجے، جبکہ میچ رات آٹھ بجے شروع ہو گا۔ پی سی بی نے واضح کیا ہے کہ پی ایس ایل سیزن 10 کے بقیہ میچز میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی گئی۔

ادھر بھارتی فوج نے رات کے اندھیرے میں آزاد کشمیر اور پنجاب کے کچھ علاقوں پر بزدلانہ حملے کیے، جن میں کوٹلی، مظفرآباد، باغ، مریدکے اور احمد پور شرقیہ شامل ہیں۔ ان حملوں میں دو مساجد شہید ہوئیں، جب کہ دو بچوں سمیت 26 پاکستانی شہید اور 46 زخمی ہوئے۔

جواب میں پاک فوج نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے تین رافیل، ایک سُخوئی، ایک مگ 29 طیارہ اور ایک ڈرون تباہ کر دیا۔ اس کے علاوہ بھارتی فوج کا ایک بریگیڈ ہیڈ کوارٹر بھی نشانے پر آیا۔ پاک فوج کے زبردست ردعمل کے بعد بھارت کو پسپائی اختیار کرنی پڑی اور اس نے لائن آف کنٹرول پر سفید جھنڈا لہرا کر اپنی شکست تسلیم کر لی۔

مزیدخبریں