اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ بھارت نے لائن آف کنٹرول کے چورا سیکٹر پر سفید پرچم لہرا کر اپنی شکست کا اعتراف کر لیا ہے، جو پاکستان کی کامیاب دفاعی حکمت عملی اور افواج کی بہادری کا ثبوت ہے۔
ایک پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، جس کے بعد بھارتی فوج کو پسپا ہونا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سفید پرچم بھارت کی ناکام حکمت عملی اور پاکستان کی دفاعی طاقت کی کامیابی کا کھلا اعلان ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گا، اور دشمن کی کسی بھی حرکت کا فوری اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قوم اور افواج پاکستان ایک ہیں، اور اپنے وطن کی حفاظت کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔
انہوں نے افواج پاکستان کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملکی سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہم ہر قربانی دینے کو تیار ہیں، اور کسی کو بھی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔