راولپنڈی: بھارت کی جانب سے پاکستان کے متعدد علاقوں پر کیے گئے میزائل حملوں کے جواب میں پاک فضائیہ نے تیز اور مؤثر ردعمل دیتے ہوئے دشمن کے دو جنگی جہاز تباہ کر دیے۔ دفاعی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ پاکستانی فضائیہ مکمل طور پر متحرک اور محفوظ ہے۔
مصدقہ اطلاعات کے مطابق پاک فوج زمین اور فضا دونوں محاذوں پر جوابی کارروائیاں کر رہی ہے، اور دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ سیکیورٹی اداروں کو ملک بھر میں ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا فوری جواب دیا جا سکے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے مطابق بھارت نے بزدلانہ طور پر کوٹلی، احمد پور شرقیہ، مظفرآباد، باغ اور مریدکے کو میزائل حملوں کا نشانہ بنایا۔ ان حملوں میں عام شہری اور مذہبی مقامات متاثر ہوئے، جن میں دو شہریوں کی شہادت کی اطلاعات ہیں۔
ترجمان پاک فوج نے واضح کیا کہ ملک کی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، اور بھارتی اشتعال انگیزی کا جواب اسی زبان میں دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان ہر چیلنج کا سامنا کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔