بھارت کا پاکستان پر میزائل حملہ، 3 شہری جاں بحق، 12 زخمی

02:26 AM, 7 May, 2025

راولپنڈی: بھارتی افواج نے رات کے وقت پاکستان کے مختلف علاقوں پر میزائل داغے، جن کے نتیجے میں 3 افراد شہید اور 12 زخمی ہو گئے۔ حملے کو پاکستان کی عسکری قیادت نے کھلی جارحیت اور بزدلانہ اقدام قرار دیا ہے۔

پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے مطابق بھارت نے بغیر کسی اشتعال کے بہاولپور (احمد ایسٹ)، کوٹلی، مریدکے، باغ اور مظفر آباد میں میزائل حملے کیے۔ ان حملوں میں رہائشی علاقوں اور ایک مسجد کو بھی نشانہ بنایا گیا، جو بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت نے فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہری آبادی پر حملے کیے، جو اس کے جنگی جنون کا ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے عوام کی حفاظت کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا ہے جب مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں عسکریت پسندوں کے حملے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان پہلے ہی شدید کشیدگی پائی جاتی ہے۔ دفاعی ماہرین کے مطابق یہ کارروائیاں پورے خطے کے امن و استحکام کو خطرے میں ڈال سکتی ہیں۔

حکومتی ذرائع کے مطابق پاکستان اس معاملے کو اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی فورمز پر اٹھائے گا اور بھارت کو اس جارحیت کا جواب مناسب وقت پر دیا جائے گا۔

مزیدخبریں