آن لائن منشیات کی ترسیل ناکام، دو ملزمان گرفتار

07:06 PM, 7 Mar, 2025

لاہور: پولیس نے منشیات کی ایک بڑی ترسیل کو ناکام بناتے ہوئے دو ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ ایس پی کینٹ اویس شفیق کی ہدایت پر پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کامیاب کارروائی کی۔

ایس ڈی پی او برکی غلام دستگیر کی قیادت میں پولیس ٹیم نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارا اور ملزمان تنویر اور اشرف کو منشیات کی ڈلیوری دیتے ہوئے پکڑ لیا۔

ایس پی کینٹ کے مطابق، ملزمان کے قبضے سے 12 کلو سے زائد ویڈ برآمد ہوئی، جس کی مالیت کروڑوں روپے کے لگ بھگ ہے۔ تفتیش کے دوران ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ پشاور سے منشیات آن لائن منگوا کر لاہور کے تعلیمی اداروں، کالجز اور ہوسٹلز کے اطراف میں نوجوانوں کو فروخت کرتے تھے۔

پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے ہیں اور ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ ایس پی کینٹ اویس شفیق نے کہا کہ منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ بلا تفریق جاری رکھا جائے گا تاکہ نوجوان نسل کو اس مہلک عادت سے بچایا جا سکے۔

مزیدخبریں