کھجور کے طبی فوائد: روزانہ تین کھجوریں کھانے کی عادت اپنانا ضروری

07:02 PM, 7 Mar, 2025

اسلام آباد: طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ روزانہ تین کھجوریں کھانے سے صحت پر حیرت انگیز اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، خاص طور پر دل کی صحت، ہاضمے، دماغی طاقت، ہڈیوں کی مضبوطی اور قوتِ مدافعت میں بہتری آتی ہے۔

ماہرین کے مطابق، کھجور میں پوٹاشیم اور فائبر موجود ہوتے ہیں جو بلڈ پریشر کو متوازن رکھنے اور کولیسٹرول کم کرنے میں مددگار ہیں۔ اس کے علاوہ، اس میں موجود قدرتی فائبر نظامِ ہاضمہ کو بہتر بناتا ہے اور قبض سے نجات فراہم کرتا ہے۔

تحقیقات کے مطابق، کھجور میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس اور وٹامنز دماغی صحت کو بہتر بناتے ہیں اور یادداشت کو مضبوط کرتے ہیں۔ کھجور کا گلوکوز اور فرکٹوز جسم کو فوری توانائی فراہم کرتے ہیں، جو ورزش یا روزے کے بعد جسمانی توانائی بحال کرنے میں مدد کرتے ہیں۔

کھجور کیلشیم، میگنیشیم اور فاسفورس سے بھرپور ہے، جو ہڈیوں کو مضبوط کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔ اس میں موجود آئرن خون کی کمی (انیمیا) کو دور کرنے میں بھی مددگار ہے۔

ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ روزانہ تین کھجوریں کھائیں تاکہ قدرتی طور پر اپنی صحت اور قوت مدافعت کو بہتر بنا سکیں۔

مزیدخبریں