چین اور بھارت کو طاقت کی سیاست کے خلاف قیادت کا کردار ادا کرنا چاہیے: چینی وزیر خارجہ

07:00 PM, 7 Mar, 2025

بیجنگ: چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے کہا ہے کہ چین اور بھارت کو آپس میں شراکت داری کے تحت ایک دوسرے کی کامیابی کے لیے کام کرنا چاہیے، کیونکہ یہ دونوں ممالک کے لیے بہترین راستہ ہے۔

نیشنل پیپلز کانگریس کے 14ویں اجلاس کے موقع پر ایک پریس کانفرنس میں وانگ ای نے کہا کہ دونوں ممالک کی یہ مشترکہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی ترقی کی رفتار تیز کریں اور آپس میں تعاون کریں، نہ کہ ایک دوسرے سے مقابلہ بازی کریں۔

وانگ ای نے کہا کہ گزشتہ برس چین اور بھارت کے تعلقات میں بہتری آئی ہے اور مختلف سطحوں پر تعاون بڑھا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سرحدی تنازعات کو دونوں ممالک کے تعلقات پر اثر انداز ہونے کی اجازت نہیں دینی چاہیے، کیونکہ امن اور استحکام دونوں کے مفاد میں ہیں۔

چینی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ چین اور بھارت گلوبل ساؤتھ کے اہم رکن ہیں اور انہیں عالمی سطح پر طاقت کی سیاست اور تسلط پسندی کے خلاف قیادت کرنی چاہیے۔ انہوں نے یہ بھی امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر چین اور بھارت اپنے تعلقات کو مزید مستحکم کریں گے۔

مزیدخبریں