عید کے دن بھی غزہ میں خونریزی، اسرائیلی بمباری سے 42 فلسطینی شہید، جوابی حملے میں 4 اسرائیلی فوجی ہلاک

05:55 PM, 7 Jun, 2025

غزہ : عیدالاضحیٰ کا دن جب دنیا بھر کے مسلمان خوشیاں منا رہے تھے، غزہ کے مظلوم فلسطینیوں کے لیے ایک اور خونی دن ثابت ہوا۔ اسرائیلی فوج نے عید کے پہلے روز بھی بمباری کا سلسلہ جاری رکھا، جس میں مختلف علاقوں میں مجموعی طور پر 42 فلسطینی شہید ہو گئے۔

شمالی غزہ کے علاقے جبالیا میں ہونے والے ایک فضائی حملے میں کم از کم 11 افراد جان کی بازی ہار گئے، جب کہ دیگر شہادتیں مختلف علاقوں میں ہوئیں۔ شہدا میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جس سے علاقے میں کہرام مچ گیا۔

دوسری جانب خان یونس میں فلسطینی مزاحمت کاروں نے ایک عمارت میں موجود اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بنایا۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق فوجی دھماکہ خیز مواد اور سرنگوں کی تلاش کے لیے عمارت میں داخل ہوئے تھے، جہاں پہلے سے نصب بارودی مواد کے دھماکے سے عمارت گر گئی۔ نتیجے میں 4 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 5 زخمی ہو گئے۔

ادھر ایک امریکی حمایت یافتہ امدادی ادارے نے سیکیورٹی خدشات کے باعث غزہ میں اپنے تمام امدادی مراکز کو عارضی طور پر بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ان مراکز پر اسرائیلی حملوں میں اب تک کم از کم 110 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جو امداد کے انتظار میں تھے۔

اسرائیل کی مسلسل جارحیت کے باوجود فلسطین کو عالمی سطح پر ایک اہم سفارتی پیش رفت حاصل ہوئی ہے۔ اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے "انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن" (ILO) نے فلسطین کو مبصر ریاست کا درجہ دے دیا ہے، جو فلسطینی عوام کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی حمایت کی علامت ہے۔

یاد رہے کہ اسرائیل کی جاری جنگ میں اب تک غزہ میں 54,677 سے زائد فلسطینی شہید اور 1,25,000 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ عید جیسے پُرمسرت دن پر بھی جاری یہ مظالم دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کے لیے کافی ہیں۔

مزیدخبریں