اسلام آباد :وزیراعظم شہباز شریف نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر ملائیشیا کے وزیراعظم انوار ابراہیم اور تاجکستان کے صدر امام علی رحمانوف سے ٹیلیفونک گفتگو کی، جس میں دونوں ممالک کی قیادت کو عید کی مبارکباد دی گئی اور دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور امت مسلمہ کے مسائل پر بات چیت ہوئی۔
ملائیشیا کے وزیراعظم سے گفتگو میں شہباز شریف نے پاکستانی عوام کی طرف سے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور پاک بھارت کشیدگی کے دوران ملائیشیا کے متوازن اور اصولی مؤقف کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے عید کی مبارکباد دینے کے ساتھ ساتھ فلسطینی عوام کے لیے دعا کی اور امت مسلمہ کے اتحاد اور خوشحالی کی امید ظاہر کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے، لیکن بھارتی جارحیت کا جواب دینا ضروری تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دوست ممالک کی ثالثی سے جنگ بندی کو خطے کے وسیع تر مفاد میں قبول کیا ہے اور بھارت کے ساتھ کشمیر سمیت تمام معاملات پر بامعنی مذاکرات کے لیے تیار ہے۔
اسی طرح تاجکستان کے صدر امام علی رحمانوف سے گفتگو میں وزیراعظم نے عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی اور حالیہ دورۂ دوشنبے کے دوران شاندار میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے تاجکستان کی جانب سے خطے میں امن اور بات چیت کی حمایت پر بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔
دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا اور تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے تاجک صدر کو جلد پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دہرائی، جس پر امام علی رحمانوف نے ان کا شکریہ ادا کیا۔