اسلام آباد: اسلام آباد میں 17 سالہ ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے بہیمانہ قتل پر ملک بھر میں غم اور غصہ پایا جا رہا ہے۔ گلوکار علی ظفر نے اس دل دہلا دینے والے واقعے پر انسٹاگرام پر ایک جذباتی نظم شیئر کی، جس نے صارفین کے دل چھو لیے۔
انہوں نے لکھا کہ "ثنا کا سانحہ کوئی پہلا نہیں، قندیل سے نور تک... صرف نام بدلتے ہیں، زخم وہی رہتا ہے۔"
علی ظفر نے مردوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک ہم اپنی تربیت کا انداز نہیں بدلیں گے اور بیٹوں کو ہمدردی، احساس اور احترام نہیں سکھائیں گے، ہم بیٹیوں کو یوں ہی کھوتے رہیں گے۔
پولیس کے مطابق ملزم عمر حیات نے تعلق قائم کرنے سے انکار پر ثنا کو قتل کر دیا، جسے ایک دن کے اندر گرفتار کر لیا گیا۔علی ظفر نے اپنی نظم کو "تبدیلی کی دعا" قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس درد کو خاموشی سے سہہ نہیں سکتے تھے، اس لیے اپنے جذبات نظم کی صورت میں سب کے ساتھ بانٹے۔سوشل میڈیا پر اس نظم کو وسیع پیمانے پر سراہا جا رہا ہے۔