بھارت میں کورونا کیسز میں تیزی، مریضوں کی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کر گئی

01:08 PM, 7 Jun, 2025

نئی دہلی: بھارت میں کورونا وائرس ایک بار پھر سر اٹھانے لگا ہے، جہاں نئے کیسز میں اچانک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 5 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔

بھارتی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 685 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ 4 اموات بھی ہوئیں۔ یہ اموات نئی دہلی، کیرالہ، کرناٹک اور اترپردیش میں رپورٹ کی گئی ہیں۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ کورونا کا نیا ویرینٹ NB.1.8.1 اس تیزی کے پیچھے ممکنہ وجہ ہو سکتا ہے۔

عالمی ادارہ صحت (WHO) نے NB.1.8.1 کو "زیر نگرانی ویرینٹ" قرار دیا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ ویرینٹ زیادہ تیزی سے پھیلنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور انسانی خلیات سے جُڑنے کی اس کی صلاحیت پچھلے ویرینٹس کے مقابلے میں زیادہ ہے۔ ابتدائی علامات میں گلے کی خراش، کھانسی اور بخار شامل ہیں، تاہم فی الحال وائرس کی شدت کم دیکھی جا رہی ہے۔

22 مئی تک بھارت بھر میں صرف 257 فعال کیسز تھے، جو 26 مئی تک بڑھ کر 1110 ہو گئے اور اب یہ تعداد 3400 سے تجاوز کر چکی ہے۔

ریاستوں میں فعال کیسز کی صورتحال کچھ یوں ہے

    مہاراشٹر: 467

    دہلی: 375

    گجرات: 265

    کرناٹک: 234

    مغربی بنگال: 205

    تمل ناڈو: 185

    اترپردیش: 117

انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (ICMR) کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر راجیو بہل کا کہنا ہے کہ حکومت صورتِ حال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔ ان کے مطابق "فی الحال گھبرانے کی ضرورت نہیں، لیکن احتیاط ضروری ہے۔"

ماہرین نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ علامات کی صورت میں فوری ٹیسٹ کروائیں، ماسک کا استعمال کریں اور بھیڑ بھاڑ سے گریز کریں تاکہ وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

مزیدخبریں