مردان میں گیس دھماکہ، دو منزلہ مکان منہدم، 6 افراد جاں بحق، 2 بچے زخمی

12:27 PM, 7 Jun, 2025

مردان : خیبرپختونخوا کے ضلع مردان میں دلخراش واقعہ پیش آیا جہاں ارم کالونی میں ایک گھر میں گیس سلنڈر کے دھماکے سے دو منزلہ مکان زمین بوس ہو گیا۔ حادثے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق اور دو بچیاں زخمی ہو گئیں۔

ریسکیو 1122 کو صبح اطلاع ملی کہ ایک گھر میں زور دار دھماکہ ہوا ہے، جس کے بعد فوری طور پر ڈیزاسٹر ریسپانس، فائر بریگیڈ اور میڈیکل ٹیمیں موقع پر روانہ کی گئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے 7 گھنٹے طویل آپریشن کے بعد ملبے تلے دبے تمام افراد کو نکال کر مردان میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا۔

جاں بحق افراد کی شناخت 36 سالہ فواد، ان کی اہلیہ، بیٹا ریان (7 سال)، بیٹی عائزہ (4 سال)، 25 سالہ شاہ فہد اور 8 سالہ طوبہ کے طور پر ہوئی ہے۔ زخمی بچیوں میں 5 سالہ عائشہ اور 5 سالہ دعا شامل ہیں۔

امدادی کارروائیوں کی نگرانی ڈپٹی کمشنر مردان عظمت اللہ وزیر، ایمرجنسی آفیسر سید شعیب منصور اور اسسٹنٹ کمشنر جنید خالد نے کی۔

مزیدخبریں