کیلیفورنیا: میٹا نے واٹس ایپ کے لیے ایک نیا یوزر نیم (Username) فیچر متعارف کرانے کی تیاری کر لی ہے، جس کے ذریعے صارفین مستقبل میں اپنے موبائل نمبر کی بجائے منفرد یوزر نیم کے ذریعے ایک دوسرے سے رابطہ کر سکیں گے۔ اس اقدام کا مقصد صارفین کی رازداری کو مزید مضبوط بنانا اور ذاتی فون نمبر کو غیر ضروری طور پر دوسروں کے ساتھ شیئر ہونے سے محفوظ رکھنا ہے۔
اگرچہ یہ فیچر ابھی تمام صارفین کے لیے فعال نہیں کیا گیا، تاہم کمپنی نے پسندیدہ یوزر نیم پہلے سے ریزرو کرنے کی سہولت فراہم کر دی ہے۔ اس لیے جو صارف اپنی پسند کا نام حاصل کرنا چاہتے ہیں، انہیں مشورہ دیا گیا ہے کہ جلد از جلد اسے محفوظ کر لیں، کیونکہ ایک مرتبہ کسی یوزر نیم کے منتخب ہونے کے بعد وہ دوبارہ کسی اور کے لیے دستیاب نہیں ہوگا۔
میٹا کے مطابق یوزر نیم صرف واٹس ایپ کی موبائل ایپ کے ذریعے ہی محفوظ کیا جا سکتا ہے، جبکہ فیچر کے باضابطہ اجرا پر متعلقہ صارفین کو ایپ کے اندر نوٹیفکیشن موصول ہوگا۔
آئی فون صارفین کے لیے طریقہ کار
واٹس ایپ کھولیں۔
نیچے موجود You ٹیب پر جائیں۔
اپنی پروفائل منتخب کریں۔
Create Username یا Reserve Username کے آپشن پر ٹیپ کریں۔
اپنی پسند کا یوزر نیم درج کرکے Save کر دیں۔
اینڈرائیڈ صارفین کے لیے طریقہ کار
واٹس ایپ اوپن کریں۔
اوپر دائیں جانب موجود تین نقطوں پر ٹیپ کریں۔
Settings میں جا کر اپنی پروفائل کھولیں۔
Create Username یا Reserve Username کا آپشن منتخب کریں۔
مطلوبہ یوزر نیم درج کریں اور اسے محفوظ کر دیں۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ ہر یوزر نیم منفرد ہوگا، اس لیے اگر کوئی نام پہلے ہی کسی دوسرے صارف نے حاصل کر رکھا ہے تو وہ دوبارہ منتخب نہیں کیا جا سکے گا اور صارف کو دوسرا نام اختیار کرنا ہوگا۔
صارفین کو مستقبل میں اپنا یوزر نیم تبدیل کرنے یا مکمل طور پر حذف کرنے کی سہولت بھی میسر ہوگی۔ تاہم حذف کیے گئے یوزر نیم کو فوری طور پر کسی دوسرے کے لیے دستیاب نہیں کیا جائے گا بلکہ وہ 14 دن تک محفوظ رہے گا، جس کے بعد کوئی دوسرا صارف اسے استعمال کر سکے گا۔
میٹا نے ابھی یہ نہیں بتایا کہ ایک صارف کتنی مرتبہ اپنا یوزر نیم تبدیل کر سکے گا، تاہم کمپنی کے مطابق اس حوالے سے ایک مقررہ حد نافذ کی جائے گی۔
مزید یہ کہ اگر کوئی صارف پہلے سے فیس بک یا انسٹاگرام پر کوئی مخصوص یوزر نیم استعمال کر رہا ہے تو، دستیاب ہونے کی صورت میں، وہی نام واٹس ایپ پر بھی منتخب کیا جا سکے گا۔
یاد رہے کہ واٹس ایپ پر یوزر نیم کم از کم 3 اور زیادہ سے زیادہ 35 حروف پر مشتمل ہوگا، جبکہ اس کی منظوری کمپنی کے طے کردہ قواعد و ضوابط کے مطابق دی جائے گی۔