اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر 7 سے 9 جولائی تک الرٹ جاری کرتے ہوئے عوام، سیاحوں اور متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) کے مطابق شمالی علاقوں میں جاری بارشوں اور پہاڑی ڈھلوانوں پر مٹی کے مسلسل کٹاؤ کے باعث متعدد مقامات پر مٹی اور چٹانوں کے تودے گرنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ موجودہ موسمی صورتحال پہلے سے جاری کردہ پیش گوئی کے مطابق ہے۔
الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ آئندہ دو روز کے دوران سکردو اور اس کے گردونواح، جن میں برومدو نالہ، چمچو، مالوپا، ڈمبوڈاس، ٹورمک اور ہراموش کا علاقہ شامل ہے، لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات پیش آنے کا امکان موجود ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ مقامی ندی نالوں میں تیز بہاؤ، زمین کے کٹاؤ، ملبہ گرنے اور پتھروں کے سرکنے کے باعث شاہراہوں پر سفر غیر محفوظ ہو سکتا ہے، جس سے آمدورفت میں رکاوٹیں بھی پیدا ہونے کا اندیشہ ہے۔
ادارے کے مطابق نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے، ممکنہ خطرات کا بروقت جائزہ لیا جا رہا ہے اور متعلقہ اداروں کو ضروری معلومات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں فوری کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔
این ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اپنی ہنگامی تیاریوں کو مکمل رکھیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری ردعمل کے لیے تمام ضروری انتظامات یقینی بنائیں۔
اتھارٹی نے شہریوں، بالخصوص سیاحوں اور مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے والے پہاڑی راستوں پر غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں، خطرناک مقامات پر خصوصی احتیاط برتیں اور روانگی سے قبل موسم اور سڑکوں کی تازہ ترین صورتحال ضرور معلوم کریں۔
این ڈی ایم اے نے عوام سے یہ بھی کہا ہے کہ مستند موسمی اطلاعات، ہنگامی انتباہات اور حفاظتی رہنمائی کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے استفادہ کریں۔