اوٹاوا: کینیڈا نے اپنے ایکسپریس انٹری امیگریشن پروگرام کے تحت ہنر مند اور اعلیٰ صلاحیتوں کے حامل افراد کے لیے مستقل رہائش (پرمننٹ ریزیڈنسی) کے حصول کو مزید آسان بنانے کے اقدامات تیز کر دیے ہیں، جس کے تحت اہم شعبوں سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کو ترجیح دی جا رہی ہے۔
کینیڈین حکام کے مطابق کیٹیگری بیسڈ سلیکشن سسٹم کے ذریعے ایسے درخواست گزاروں کو ترجیحی بنیادوں پر دعوت نامے (Invitations to Apply) بھیجے جا رہے ہیں جن کی پیشہ ورانہ مہارتیں ملک کی موجودہ معاشی ضروریات اور لیبر مارکیٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس پالیسی کا بنیادی مقصد مختلف شعبوں میں افرادی قوت کی کمی پر قابو پانا، موزوں امیدواروں کے ذریعے خالی آسامیوں کو پُر کرنا اور اہل افراد کو مستقل رہائش حاصل کرنے کے لیے زیادہ تیز، شفاف اور مؤثر طریقہ کار فراہم کرنا ہے۔
جن شعبوں کو ترجیح دی جا رہی ہے ان میں ڈاکٹرز، نرسز، دیگر طبی ماہرین، محققین، سماجی بہبود کے شعبے سے وابستہ پروفیشنلز، سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی (STEM) کے ماہرین، اساتذہ، تعمیراتی اور انفراسٹرکچر کے شعبے کے ہنر مند کارکن، ٹرانسپورٹ انڈسٹری سے وابستہ افراد، سپلائی چین اور لاجسٹکس کے ماہرین، جبکہ کینیڈا میں پیشہ ورانہ تجربہ رکھنے والے سینئر مینیجرز بھی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ حکومت نے اعلان کیا ہے کہ کیوبک سے باہر فرانسیسی زبان بولنے والی کمیونٹیز کو مضبوط بنانے کے لیے فرانسیسی زبان پر عبور رکھنے والے امیدواروں کو بھی انتخابی عمل میں خصوصی اہمیت دی جائے گی۔
امیگریشن سے وابستہ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر امیدوار اپنی ایکسپریس انٹری پروفائل کو مزید مضبوط بنائیں اور ترجیحی شعبوں سے متعلق تمام اہلیت کی شرائط پوری کریں تو انہیں مستقل رہائش کے لیے دعوت نامہ موصول ہونے کے امکانات میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے۔