کیلیفورنیا: فیس بک، جو دنیا بھر میں سب سے زیادہ استعمال کیے جانے والے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز میں شمار ہوتا ہے، اپنے صارفین کے لیے ایک نئی سہولت متعارف کرانے کی تیاری کر رہا ہے، جس کا مقصد پوسٹس کی رسائی سے متعلق مزید واضح معلومات فراہم کرنا ہے۔
میٹا اس وقت ایک ایسے فیچر کی محدود پیمانے پر جانچ کر رہی ہے، جس کے ذریعے صارفین اپنی شیئر کی گئی پوسٹس پر آنے والے ویوز کی مجموعی تعداد دیکھ سکیں گے۔ فی الحال یہ سہولت صرف منتخب صارفین کے لیے دستیاب ہے تاکہ اس کی کارکردگی کا جائزہ لیا جا سکے۔
رپورٹس کے مطابق پوسٹ کے ویوز کی تعداد براہِ راست پوسٹ کے ساتھ ظاہر ہوگی، تاہم یہ ڈیٹا صرف اسی اکاؤنٹ ہولڈر کو دکھائی دے گا جس نے متعلقہ پوسٹ شائع کی ہوگی۔ اس سے صارفین کو اپنی پوسٹس کی پہنچ اور کارکردگی کا زیادہ درست اندازہ لگانے میں مدد ملے گی۔
میٹا کی کوشش ہے کہ ویو کاؤنٹ کو ایک اہم پیمانہ بنایا جائے تاکہ صارفین یہ سمجھ سکیں کہ ان کا کون سا مواد زیادہ لوگوں تک پہنچ رہا ہے اور کس قسم کی پوسٹس زیادہ توجہ حاصل کر رہی ہیں۔
اس وقت فیس بک پر زیادہ تر افراد اپنی پوسٹس کی مقبولیت کا اندازہ لائکس کی بنیاد پر لگاتے ہیں، لیکن کمپنی کا ماننا ہے کہ صرف لائکس کسی پوسٹ کی اصل رسائی یا صارفین کی دلچسپی کو مکمل طور پر ظاہر نہیں کرتے۔
فیس بک اور انسٹاگرام سمیت میٹا کے تمام بڑے پلیٹ فارمز ایسے الگورتھمز استعمال کرتے ہیں جو صارفین کی دلچسپی اور آن لائن سرگرمیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں مختلف پوسٹس تجویز کرتے ہیں۔
اسی وجہ سے اب صارفین کی نیوز فیڈ میں بڑی تعداد میں ایسے اکاؤنٹس کی پوسٹس بھی دکھائی دیتی ہیں جو نہ ان کی فرینڈ لسٹ میں شامل ہوتے ہیں اور نہ ہی وہ انہیں فالو کر رہے ہوتے ہیں۔
چونکہ یہ فیچر ابھی تجرباتی مرحلے میں ہے، اس لیے فی الحال یہ واضح نہیں کہ میٹا اسے تمام فیس بک صارفین کے لیے کب تک باضابطہ طور پر متعارف کرائے گی۔