کراچی: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ معاشی استحکام کے لیے کیپٹل مارکیٹ کو مزید وسعت اور مضبوطی دینے کی ضرورت ہے، جبکہ حکومت برآمدات پر مبنی معیشت کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ گزشتہ مالی سال کے اختتام پر مالیاتی اور تجارتی خسارہ سرپلس رہا، کرنٹ اکاؤنٹ کی صورتحال میں بھی نمایاں بہتری آئی۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر 41 سے 42 ارب ڈالر تک موصول ہوئیں، جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر 18 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ بینکاری شعبہ ملکی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ روایتی بینکاری نظام کو ڈیجیٹل خطوط پر استوار کرنے کے لیے کام جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ بینکنگ اصلاحات سے کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور معیشت کے مختلف شعبوں میں ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔