بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا سخت جواب دیں گے، آپریشن سندور میں بھارتی ناکامی واضح ہے: فیلڈ مارشل عاصم منیر

04:03 PM, 7 Jul, 2025

راولپنڈی: آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارت "آپریشن سندور" میں اپنے فوجی مقاصد حاصل کرنے میں بری طرح ناکام رہا، اور اب اپنی شکست کو چھپانے کے لیے بے بنیاد اور غیر منطقی الزامات لگا رہا ہے۔

نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے دورے کے دوران انہوں نے مسلح افواج کے فارغ التحصیل افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری یا سلامتی کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی بھارتی کوشش کا نہایت سخت، فوری اور ایسا منہ توڑ جواب دیا جائے گا جو بھارت کی سوچ سے بھی زیادہ ہوگا۔

فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ بھارت، پاکستان کی دہائیوں پر مبنی حکمتِ عملی، دفاعی صلاحیت اور ادارہ جاتی مضبوطی کو تسلیم کرنے سے انکاری ہے۔ وہ دو طرفہ مسائل میں دوسرے ملکوں کو گھسیٹ کر سیاسی فائدہ حاصل کرنا چاہتا ہے، جو کہ اس کی کمزور اور ناکام سوچ کو ظاہر کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت خود کو خطے میں "نیٹ سیکیورٹی پرووائیڈر" ظاہر کرنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے، جب کہ حقیقت یہ ہے کہ خطے کے اکثر ممالک بھارت کی جارحانہ پالیسیوں اور ہندوتوا نظریے سے تنگ آ چکے ہیں۔

فیلڈ مارشل نے واضح کیا کہ جنگیں صرف مہنگے ہتھیاروں یا میڈیا پر دعووں سے نہیں جیتی جاتیں، بلکہ قومی جذبے، پختہ ارادے، اداروں کی مضبوطی اور عملی مہارت سے جیتی جاتی ہیں۔

انہوں نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی تربیت گاہیں ملک کو ایسی قیادت فراہم کرتی ہیں جو ہائبرڈ، روایتی اور غیر روایتی خطرات سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

خطاب کے آخر میں انہوں نے افسران کو تلقین کی کہ وہ دیانتداری، قوم کے لیے بے لوث جذبے اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں، کیونکہ یہی وہ جذبہ ہے جو پاکستان کو ہر میدان میں سرخرو رکھتا ہے۔

مزیدخبریں