پاکستانی فلموں نے شنگھائی تعاون تنظیم فلم فیسٹیول میں کامیابی کے جھنڈے گاڑھ دیے

01:02 PM, 7 Jul, 2025

یانگ ژو  : چین کے شہر یانگ ژو میں منعقدہ شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) فلم فیسٹیول 2025 میں پاکستان نے اپنی دو فلموں کے ذریعے نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔ فلم "دیمک" اور "نایاب" نے دو اہم ایوارڈز جیت کر پاکستانی فلم انڈسٹری کا نام روشن کیا۔

فلم "دیمک" کے ہدایتکار رافع راشدی اور اداکارہ سونیا حسین نے بہترین ایڈیٹنگ کا ایوارڈ حاصل کیا۔ یہ فلم ساس اور بہو کے تعلقات کی پیچیدگیوں اور گھر میں رونما ہونے والی پراسرار ماورائی کہانی پر مبنی ہے۔ اس میں جاوید شیخ، ثمینہ پیرزادہ، فیصل قریشی سمیت کئی بڑے فنکار شامل ہیں۔

دوسری طرف فلم "نایاب" کے ہدایتکار عمیر ناصر علی اور اداکار اسامہ خان کو اسپیشل جیوری ایوارڈ ملا۔ "نایاب" ایک ایسی لڑکی کی کہانی ہے جو بچپن سے کرکٹ کھیلنے کا شوق رکھتی ہے اور سماجی رکاوٹوں کے باوجود اپنے خواب کو پورا کرنے کے لیے جدوجہد کرتی ہے۔ فلم میں یمنیٰ زیدی، فواد خان اور عدنان صدیقی جیسے نامور اداکار بھی شامل ہیں۔

پاکستانی وفد میں پاکستان فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین شہزاد رفیق، فلم ڈسٹری بیوٹر ندیم مانڈوی والا، وزیرِ مملکت برائے تعلیم وجیہہ قمر اور دیگر معروف شخصیات شامل تھیں، جنہوں نے پاکستان کی نمائندگی بخوبی کی۔

یہ کامیابیاں پاکستانی فلم انڈسٹری کی بڑھتی ہوئی صلاحیت اور عالمی میدان میں اس کی پذیرائی کا ثبوت ہیں، جو آنے والے وقت میں بھی مزید کامیابیاں لانے کا وعدہ کرتی ہیں۔

مزیدخبریں