ٹرمپ کا سخت فیصلہ: برکس کی حمایت کرنے والے ممالک پر 10 فیصد اضافی ٹیکس عائد ہوگا

01:33 PM, 7 Jul, 2025

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دوٹوک اعلان کیا ہے کہ جو بھی ملک برکس تنظیم کی امریکہ مخالف پالیسیوں کا ساتھ دے گا، اس پر 10 فیصد اضافی درآمدی ٹیکس (ٹیرف) لگایا جائے گا۔ صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اس فیصلے میں کسی ملک کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔

اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بیان دیتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ آج سے تمام متعلقہ ممالک کو خطوط بھیجے گا، جن میں ہر ملک کے لیے الگ ٹیرف شرح اور تجارتی شرائط درج ہوں گی۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب برکس تنظیم کے رکن ممالک اس وقت برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں ایک اہم سربراہی اجلاس کے لیے جمع ہیں، جہاں انہوں نے امریکہ کی اقتصادی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے انہیں عالمی معیشت کے لیے خطرہ قرار دیا۔

واضح رہے کہ برکس میں اب 11 ممالک شامل ہو چکے ہیں، جن میں برازیل، روس، بھارت، چین، جنوبی افریقہ، سعودی عرب، ایران، مصر، متحدہ عرب امارات، ایتھوپیا اور انڈونیشیا شامل ہیں۔ یہ گروپ ترقی پذیر دنیا کی نمائندگی کرتا ہے اور اس کا مقصد باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔

اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ امریکہ کی یکطرفہ ٹیرف پالیسی نہ صرف غیر ذمہ دارانہ ہے بلکہ یہ عالمی تجارتی اصولوں کے بھی خلاف ہے۔ برکس نے خبردار کیا کہ ایسے فیصلوں سے عالمی تجارت متاثر ہو گی، سپلائی چین میں خلل آئے گا، اور دنیا میں معاشی غیر یقینی صورتحال بڑھے گی۔

اجلاس میں چینی صدر شی جن پنگ نے شرکت نہیں کی بلکہ ان کی جگہ وزیراعظم لی کیانگ شریک ہوئے، جبکہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے اجلاس میں آن لائن شرکت کی۔

مزید برآں، برکس کے رکن ممالک نے ایران اور غزہ پر جاری حملوں کی شدید مذمت بھی کی اور عالمی امن کے لیے مل کر کام کرنے پر زور دیا۔

مزیدخبریں