بارشوں کے پیش نظر این ڈی ایم اے کا الرٹ، سیلاب کا خدشہ

12:46 PM, 7 Jul, 2025

اسلام آباد: ملک میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کے بعد نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ممکنہ سیلابی صورتحال پر الرٹ جاری کر دیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ، کابل، چناب، سوات، چترال، ہنزہ اور دیگر ندی نالوں میں پانی کی سطح بڑھنے کا امکان ہے، جس سے ندی نالوں میں طغیانی اور قریبی علاقوں میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

شمال مشرقی پنجاب، جنوبی بلوچستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی سیلاب کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ دریائے جہلم اور اس کے معاون نالوں میں اچانک پانی کی سطح بلند ہونے کا امکان ہے۔

گلگت بلتستان میں دریائے ہنزہ سمیت دیگر نالوں میں بھی پانی کے بہاؤ میں تیزی آ سکتی ہے۔ اسی طرح بلوچستان کے اضلاع آواران، خضدار، جھل مگسی اور قلعہ سیف اللہ میں بھی سیلابی کیفیت پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

این ڈی ایم اے نے عوام اور مقامی انتظامیہ کو محتاط رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیے پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

مزیدخبریں