کیمبرج میں پاکستانی نژاد امریکیوں کی تاریخی جیت، سنبل صدیقی میئر اور برہان اعظم ڈپٹی میئر منتخب

08:05 PM, 7 Jan, 2026

میساچوسٹس :امریکی ریاست میساچوسٹس کے شہر کیمبرج میں پاکستانی نژاد امریکیوں نے بلدیاتی سیاست میں نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے تاریخ رقم کر دی۔ کراچی سے تعلق رکھنے والی سنبل صدیقی میئر جبکہ پنجاب کے شہر بورے والا سے تعلق رکھنے والے برہان اعظم ڈپٹی میئر منتخب ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق 5 جنوری کو ہونے والے سٹی کونسل انتخابات کے بعد کیمبرج کی تاریخ میں پہلی مرتبہ دونوں اعلیٰ بلدیاتی عہدوں پر پاکستانی نژاد امریکیوں کا انتخاب ہوا ہے، جسے نہ صرف پاکستانی کمیونٹی بلکہ دیگر اقلیتی طبقات کے لیے بھی ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

سنبل صدیقی مسلسل تیسری بار میئر منتخب ہوئی ہیں۔ وہ پیشے کے اعتبار سے وکیل ہیں اور 2017 میں پہلی مرتبہ کیمبرج سٹی کونسل کی رکن منتخب ہوئیں۔ اس کے بعد وہ 2020 سے 2024 تک دو مرتبہ میئر کے فرائض انجام دے چکی ہیں۔
وہ کیمبرج کی پہلی مسلمان میئر اور پہلی ایشیائی نژاد خاتون ہیں جو مسلسل تیسری بار اس منصب پر منتخب ہوئیں۔

ڈپٹی میئر منتخب ہونے والے برہان اعظم شہر کے کم عمر ترین ڈپٹی میئر بن گئے ہیں۔ وہ معروف ماہرِ تعلیم پروفیسر منیر چوہدری کے صاحبزادے ہیں اور ایم آئی ٹی (MIT) بوسٹن سے انجینیئرنگ کی تعلیم حاصل کر چکے ہیں۔
برہان اعظم اس سے قبل کیمبرج کے کم عمر ترین کونسلر بھی رہ چکے ہیں اور دوسری بار کونسلر منتخب ہونے کے بعد اب ڈپٹی میئر کے منصب پر فائز ہوئے ہیں۔

اس کامیابی پر امریکا اور پاکستان میں پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے خوشی کا اظہار کیا جا رہا ہے اور اسے امریکی سیاست میں پاکستانی نژاد مسلمانوں کی بڑھتی ہوئی شمولیت کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔

مزیدخبریں