اسلام آباد : چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ پاکستان اپنی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بھارت اور افغان قیادت کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ معصوموں کا خون بہانے والے جہنمی ہیں اور ان کے پیچھے چھپی قوتیں بے نقاب ہو چکی ہیں۔
حافظ طاہر اشرفی نے بھارت کو براہِ راست ہدف بناتے ہوئے کہابھارت معرکہ حق میں شکست کھانے کے بعد بزدلی پر اتر آیا ہے۔ اس میں اتنی ہمت نہیں کہ وہ پاک افواج کا آمنے سامنے مقابلہ کرے، اس لیے وہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنا کر بدلہ لے رہا ہے۔ عبادت گاہوں اور نمازیوں پر حملے کرنے والے اسلام اور پاکستان کے دشمن ہیں جن کا دین سے کوئی تعلق نہیں۔
خودکش حملے کے سرحد پار روابط پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا ترلائی حملے کا خودکش بمبار افغانستان سے تربیت لے کر آیا تھا۔انہوں نے افغان طالبان کی قیادت کو مخاطب کرتے ہوئے پوچھا کہ "یہ سلسلہ کب ختم ہوگا؟۔ طاہر اشرفی نے تنبیہ کی کہ اگر پاکستان اپنے سے آٹھ گنا بڑے بھارت کو پچھاڑ سکتا ہے، تو سرحد پار سے شرپسندی کرنے والے جان لیں کہ ان کی حیثیت بہت کم ہے۔
انہوں نے قومی یکجہتی پر زور دیتے ہوئے کہا تمام مکاتبِ فکر کے علما نے پمز اسپتال جا کر زخمیوں کی عیادت کی ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پوری قوم متحد ہے۔ کوئی اس خوش فہمی میں نہ رہے کہ وہ ہمیں تقسیم کر سکتا ہے؛ ہم اپنے سلامتی کے اداروں کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں۔
بھارت میدان میں نہیں ہرا سکتا، افغان مٹی پاکستان کے خلاف استعمال ہونا بند ہو: حافظ طاہر اشرفی
03:46 PM, 7 Feb, 2026