دہشت گردوں کو پوری قوت سے کچلنے کا اعلان: 'ترلائی حملے کے سہولت کاروں تک پہنچ گئے ہیں': عطا تارڑ کا دوٹوک موقف

02:59 PM, 7 Feb, 2026

اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے بزدلانہ حملوں سے ہمارا عزم کمزور نہیں بلکہ مزید پختہ ہوا ہے، ریاست پاکستان معصوم شہریوں کا خون بہانے والوں کو پوری قوت سے کچل دے گی۔ اسلام آباد میں علمائے کرام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے ترلائی کلاں خودکش حملے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔
عطا تارڑ نے انکشاف کیا کہ سکیورٹی ادارے ترلائی دھماکے کے تمام سہولت کاروں کی نشاندہی کر چکے ہیں ۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہم خودکش حملے کے نیٹ ورک کے قریب پہنچ چکے ہیں اور اس گھناؤنے فعل میں ملوث تمام کرداروں کو عبرت کا نشانہ بنایا جائے گا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے جو رنج ہمیں دیا ہے، اس نے ہمارے اس ارادے کو مزید مہمیز دی ہے کہ اب ان کا مکمل خاتمہ کر کے ہی دم لیں گے۔
وزیر اطلاعات نے پڑوسی ملک کے حوالے سے پاکستان کی 'ریڈ لائن' واضح کی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی گروہ کو پاکستان کے خلاف افغان سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ عطا تارڑ نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ملک میں فرقہ واریت کی کوئی گنجائش نہیں، ہم معاشرے میں مذہبی منافرت پھیلانے والے عناصر کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
پریس کانفرنس میں موجود مختلف مکاتبِ فکر کے علمائے کرام نے بھی حکومتی موقف کی تائید کی۔   علمائے کرام نے خودکش حملوں کو غیر اسلامی قرار دیتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں ریاست کا بھرپور ساتھ دینے کا اعلان کیا۔وزیر اطلاعات نے علمائے کرام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انتہا پسندی کے خلاف پوری قوم ایک پیج پر ہے۔

مزیدخبریں