پاکستان نے بھارتی وزیرِ خارجہ کے بیان کی شدید مذمت کر دی

03:54 PM, 7 Dec, 2025

اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر کے پاکستانی ریاستی اداروں کے بارے میں دیے گئے حالیہ بیان کو سختی سے مسترد کر دیا ہے اور اس کو اشتعال انگیز، بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ قرار دیا ہے۔ دفترِ خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے اور اس کے تمام ادارے، بشمول مسلح افواج، اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان کی افواج نے مئی 2025 کے تنازعے میں اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت اور مادرِ وطن کے دفاع کا عزم ثابت کیا تھا، اور ایسی کسی بھی پروپیگنڈا مہم سے اس حقیقت کو تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔

پاکستان نے بھارتی قیادت کی جانب سے پاکستانی اداروں کو بدنام کرنے کی کوششوں کو ایک منظم پروپیگنڈا مہم قرار دیا ہے، جس کا مقصد بھارت کی غیر مستحکم سرگرمیوں اور پاکستان میں دہشت گردی کے حوالے سے اس کی سرپرستی سے دنیا کی توجہ ہٹانا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ بھارت کو پاکستان کی افواج پر الزامات لگانے کے بجائے ہندوتوا نظریے کی تحقیقات کرنی چاہیے، جس کی وجہ سے ماورائے عدالت انصاف، ہجوم کے تشدد، بلاجواز گرفتاریوں اور عبادت گاہوں کی مسماری جیسے سنگین واقعات رونما ہو رہے ہیں۔

مزیدخبریں