ٹک ٹاک کا نیا فیچر "نیئر بائی فیڈ" متعارف

06:09 PM, 7 Dec, 2025

کیلیفورنیا : ٹک ٹاک نے ایک نیا فیچر "نیئر بائی فیڈ" متعارف کرایا ہے، جس کا مقصد صارفین کو اپنے ارد گرد کی مقامی جگہوں اور سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کرنا ہے۔ اس فیچر کے ذریعے صارفین اپنے قریبی ایونٹس، سیاحتی مقامات، فوڈ وغیرہ سے متعلق مواد دیکھ سکیں گے۔

یہ فیچر اس وقت برطانیہ، فرانس، اٹلی اور جرمنی میں متعارف کرایا گیا ہے، اور اس پر سب سے پہلے جنوب مشرقی ایشیا میں 2022 میں آزمائش کی گئی تھی، تاہم اس وقت اسے محدود صارفین تک رسائی دی گئی تھی۔ اب یہ دوبارہ ان چند ممالک میں فعال کیا گیا ہے۔

نیئر بائی فیڈ میں صارفین کو ان کی لوکیشن کے مطابق مواد دکھایا جائے گا۔ یعنی اگر کسی صارف نے اپنی لوکیشن شیئر کی ہو، تو انہیں مقامی مواد جیسے سیاحت، ایونٹس یا فوڈ سے متعلق ویڈیوز دکھائی جائیں گی۔ اس سے ویڈیوز پوسٹ کرنے والوں کو اپنے شہر یا علاقے کے صارفین تک پہنچنے کا موقع ملے گا۔

ٹک ٹاک نے واضح کیا کہ لوکیشن شیئر کرنا آپشنل ہوگا، اور یہ فیچر صرف 18 سال یا اس سے زیادہ عمر کے افراد کے لیے دستیاب ہوگا۔ اگر کسی کا اکاؤنٹ پرائیویٹ یا "فرینڈز" یا "اونلی یو" پر سیٹ کیا گیا ہو، تو اس فیچر کے ذریعے مواد نہیں دکھایا جائے گا۔

اگر کوئی صارف کسی دوسرے شہر یا علاقے کا مواد دیکھنا چاہے گا، تو اسے اپنی لوکیشن تبدیل کرنی ہوگی۔ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ یہ فیچر کب تک دنیا بھر کے تمام صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔

مزیدخبریں