شدید دھند کے پیش نظر موٹروے پولیس کی ٹریول ایڈوائزری

11:59 AM, 7 Dec, 2025

لاہور : نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے پنجاب، خیبر پختونخوا اور سندھ کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث مسافروں کے لیے ایک اہم ٹریول ایڈوائزری جاری کی ہے۔ موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق، دھند کی شدت کی وجہ سے حدِ نگاہ کم ہو جاتی ہے، جس کے باعث قومی شاہراہوں اور موٹروے پر حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ ایسی صورتِ حال میں مسافروں کی حفاظت کے لیے متعلقہ موٹروے سیکشنز کو عارضی طور پر بند بھی کیا جا سکتا ہے۔

موٹروے پولیس نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ صبح 10 بجے سے شام 8 بجے کے درمیان ہی سفر مکمل کریں اور رات کے وقت غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔ اس کے علاوہ، ڈرائیورز کو اپنی گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے، وائپرز درست حالت میں رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے، اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔ ساتھ ہی، ہائی بیم لائٹس کا استعمال نہ کرنے کا کہا گیا ہے کیونکہ اس سے دھند میں مزید مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ مسافر سفر شروع کرنے سے پہلے تازہ ترین صورتحال جاننے کے لیے ہیلپ لائن نمبر 130، ایف ایم 95 ریڈیو اور سوشل میڈیا کا استعمال کر سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے موٹروے پولیس کی ٹیمیں 24 گھنٹے چوکس ہیں۔

مزیدخبریں