انڈونیشیا میں سیلاب اور بارشوں کی تباہی، 900 سے زائد افراد ہلاک

10:40 AM, 7 Dec, 2025

جکارتہ : انڈونیشیا میں مسلسل بارشوں اور شدید سیلاب نے ملک بھر میں تباہی مچا دی ہے، جس کے نتیجے میں 900 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کے مطابق، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ نے پورے ملک کے نقل و حمل کے نظام کو مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے، اور کئی علاقوں میں خوراک کی شدید کمی پیدا ہو گئی ہے، جس سے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

انڈونیشیا سمیت جنوبی ایشیا کے دیگر ممالک، جیسے سری لنکا، ملائیشیا، تھائی لینڈ اور ویتنام، مون سون بارشوں اور طوفانوں کی زد میں ہیں، جس کے نتیجے میں ایک ہفتے کے دوران ان علاقوں میں مجموعی طور پر 1,790 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

انڈونیشیا کے صوبوں آچے اور شمالی سماٹرا میں سیلاب نے سڑکوں کو بہا دیا، گھروں کو مٹی میں دبا دیا اور رسد کا نظام مکمل طور پر منقطع کر دیا ہے۔ آچے کے گورنر مزاکیر مناف نے کہا کہ امدادی ٹیمیں اب بھی کیچڑ میں دھنسی لاشوں کو نکالنے کی کوشش کر رہی ہیں، اور سب سے بڑا مسئلہ بھوک ہے۔ آچے تامیانگ کے پہاڑی علاقوں میں پورے گاؤں بہہ گئے ہیں اور کئی سب ڈسٹرکٹس اب صرف نام کے ہی باقی رہ گئے ہیں۔

سیلاب سے متاثرہ افراد نے بتایا کہ وہ کئی دنوں سے عارضی پناہ گاہوں میں محدود خوراک پر گزارا کر رہے ہیں اور ایک دوسرے کی مدد سے زندہ ہیں۔ ان کی حالت انتہائی تشویشناک ہے، اور فوری طور پر امدادی سامان کی فراہمی کی ضرورت ہے۔

مزیدخبریں