کراچی: محکمہ سکول ایجوکیشن سندھ نے سرکاری سکولوں کے لیے نئے اوقات کار کا اعلان کر دیا ہے۔ نئے شیڈول کا اطلاق صوبے کے پرائمری، ایلیمنٹری، سیکنڈری اور ہائر سیکنڈری اسکولوں پر ہوگا۔
محکمہ تعلیم کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق 31 اکتوبر تک سنگل شفٹ پرائمری سکول صبح 8 بجے سے دوپہر 2 بج کر 30 منٹ تک جاری رہیں گے، جبکہ جمعہ کے روز اسکولوں کے اوقات صبح 8 بجے سے دوپہر 1 بجے تک ہوں گے۔
اعلامیے کے مطابق سیکنڈری اور ہائر سیکنڈری سکولوں کی پہلی شفٹ 31 اکتوبر تک صبح 7 بج کر 30 منٹ سے دوپہر 1 بج کر 30 منٹ تک ہوگی۔
محکمہ سکول ایجوکیشن سندھ نے بتایا کہ یکم نومبر سے 31 مارچ تک موسم کے مطابق اوقات کار میں تبدیلی کی جائے گی۔ اس دوران سنگل شفٹ پرائمری اسکول صبح 8 بج کر 30 منٹ سے سہ پہر 3 بجے تک کھلے رہیں گے، جبکہ پہلی شفٹ صبح 8 بجے سے دوپہر 1 بج کر 45 منٹ تک ہوگی۔
نئے شیڈول کے تحت سیکنڈ شفٹ کے سکول 31 اکتوبر تک پیر سے جمعرات دوپہر 1 بجے سے شام 6 بجے تک جبکہ یکم نومبر سے 31 مارچ تک دوپہر پونے 1 بجے سے شام پونے 6 بجے تک جاری رہیں گے۔ جمعہ کے روز سیکنڈ شفٹ کے اوقات صبح پونے 11 بجے سے دوپہر سوا 2 بجے تک مقرر کیے گئے ہیں۔