اسلام آباد:مشیرِ وزیراعظم رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے، کشمیر پاکستان کی شناخت کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی قربانیاں لاکھوں میں ہیں اور ان کی جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ حالیہ معرکۂ حق کے بعد بھارت کو اندازہ ہو گیا ہے کہ وہ پاکستان کا مقابلہ نہیں کر سکتا، جبکہ بھارت پاکستان کے ساتھ روایتی جنگ کی صلاحیت بھی نہیں رکھتا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھارت مختلف منصوبوں کے ذریعے پاکستان کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
آزاد کشمیر انتخابات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مشیرِ وزیراعظم نے دعویٰ کیا کہ حکومت بنانے کے لیے 45 میں سے 23 نشستیں درکار ہیں، جبکہ مسلم لیگ (ن) انتخابی مراحل میں 24 نشستیں حاصل کر چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے وعدہ کیا تھا کہ اگر کشمیر کے عوام نے مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کیا تو پنجاب کی طرح آزاد کشمیر میں بھی ترقیاتی کام کیے جائیں گے۔ اب عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرنے کا وقت آ گیا ہے۔
رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ کشمیر کے عوام اپنا فیصلہ سنا چکے ہیں اور مسلم لیگ (ن) کو مینڈیٹ مل چکا ہے۔ ان کے مطابق آزاد کشمیر میں شفاف انتخابات ہوئے اور کشمیر کے عوام نے پنجاب کی ترقی کو مدنظر رکھتے ہوئے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔