ویمن ایشیا کپ ٹی 20: پاکستان اور بھارت کا بڑا مقابلہ 5 ستمبر کو شیڈول

ایشین کرکٹ کونسل نے ویمن ایشیا کپ 2026 کے مکمل شیڈول کا اعلان کر دیا، ایونٹ 28 اگست سے دبئی میں شروع ہوگا۔

09:00 AM, 7 Aug, 2026

لاہور : ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے ویمن ایشیا کپ ٹی 20 کے چھٹے ایڈیشن کے میچز کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ ٹورنامنٹ 28 اگست سے دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہوگا اور 13 ستمبر تک جاری رہے گا، جہاں تمام مقابلے ایک ہی وینیو پر کھیلے جائیں گے۔

شیڈول کے مطابق پاکستان اور بھارت کی ویمن ٹیمیں گروپ مرحلے میں 5 ستمبر کو ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔ دونوں روایتی حریف اگر اپنے اپنے سیمی فائنل جیتنے میں کامیاب رہیں تو ایونٹ کے فائنل میں بھی دوبارہ ٹکرانے کا امکان موجود ہے۔

آٹھ ٹیموں پر مشتمل اس ٹورنامنٹ میں گروپ اے میں پاکستان، بھارت، تھائی لینڈ اور ہانگ کانگ چین شامل ہیں، جبکہ گروپ بی میں دفاعی چیمپئن سری لنکا، بنگلہ دیش، متحدہ عرب امارات اور انڈونیشیا کو جگہ دی گئی ہے۔

ایونٹ کا افتتاحی میچ 28 اگست کو تھائی لینڈ اور ہانگ کانگ چین کے درمیان ہوگا۔ پاکستان اپنی مہم یکم ستمبر کو تھائی لینڈ کے خلاف شروع کرے گا، اس کے بعد 5 ستمبر کو بھارت سے اہم مقابلہ کھیلے گا، جبکہ گروپ مرحلے کا آخری میچ 7 ستمبر کو ہانگ کانگ چین کے خلاف ہوگا۔

ٹورنامنٹ کے سیمی فائنلز 10 اور 11 ستمبر کو منعقد ہوں گے۔ پہلے سیمی فائنل میں گروپ اے کی پہلی اور گروپ بی کی دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں گروپ بی کی سرفہرست ٹیم کا مقابلہ گروپ اے کی رنر اپ سے ہوگا۔ فائنل 13 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

ادھر قومی ویمن ٹیم کی سلیکشن کے لیے تیاریاں بھی تیز ہو گئی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سلیکشن کمیٹی جلد تربیتی کیمپ کے لیے ممکنہ اسکواڈ کا اعلان کرے گی، تاکہ ایونٹ سے قبل کھلاڑیوں کو بھرپور تیاری کا موقع مل سکے۔

واضح رہے کہ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم حال ہی میں سری لنکا کے خلاف سیریز مکمل کرنے کے بعد وطن واپس پہنچی ہے اور اب اس کی تمام تر توجہ ایشیا کپ کی تیاریوں پر مرکوز ہے۔

مزیدخبریں