یومِ آزادی پر کسی کو خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی: عظمیٰ بخاری کا واضح پیغام

07:08 PM, 7 Aug, 2025

لاہور: پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ 14 اگست کے دن کسی کو امن و امان خراب کرنے یا تقریبات میں خلل ڈالنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ایک مخصوص گروہ ہر قومی موقع پر انتشار پھیلانے کی کوشش کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 5 اگست کو کسی بھی جگہ کوئی راستہ بند نہیں کیا گیا اور نہ کسی کو روکا گیا، بلکہ یہ خود سڑکوں پر نہیں نکلے اور صرف نمائشی گرفتاریاں دے کر ڈرامہ کرتے رہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ عناصر ملک کی ترقی اور عوامی فلاح کے اقدامات سے خوش نہیں ہوتے۔ 14 اگست، جو ہمیشہ جوش و جذبے سے منایا جاتا ہے، اب اسے بھی احتجاج سے جوڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

وزیر اطلاعات نے دوٹوک انداز میں کہا کہ یومِ آزادی پر کوئی بدنظمی برداشت نہیں کی جائے گی، اور حکومتی سطح پر مکمل اقدامات کیے جائیں گے تاکہ تقریبات پُرامن ماحول میں منعقد ہوں۔

عظمیٰ بخاری نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ ریاستی اداروں کو سیاست میں ملوث کرنے کی کوشش کرتے ہیں، اور جو بھی ملکی مفاد کے لیے کام کرے، انہیں اس سے تکلیف ہوتی ہے۔
 

مزیدخبریں