روس سے دوستی مہنگی پڑے گی، بھارت تیار رہے: صدر ٹرمپ کا دو ٹوک پیغام

08:54 AM, 7 Aug, 2025

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ بھارت کو روس سے سستا تیل خریدنے کی قیمت ادا کرنا ہوگی۔ وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو ممالک پیوٹن کی حمایت میں خاموش یا عملی اقدامات کر رہے ہیں، انہیں اب امریکی ردعمل کے لیے تیار رہنا چاہیے۔

صدر ٹرمپ نے کہاروس سے قربتیں بڑھانے والوں کو ہم کھلی چھوٹ نہیں دے سکتے۔ وقت آ گیا ہے کہ انہیں سزا دی جائے۔"

روسی صدر پیوٹن کے ساتھ حالیہ بات چیت کو "مثبت" قرار دیتے ہوئے ٹرمپ نے بتایا کہ جلد روسی حکام کے ساتھ ملاقات بھی طے پا رہی ہے، جو عالمی سطح پر ایک نیا توازن پیدا کر سکتی ہے۔

معاشی میدان میں بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے اعلان کیا کہ ٹیکنالوجی سیکٹر میں امریکی کمپنیاں بھرپور سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔ ایپل کی جانب سے 100 ارب ڈالر کی نئی سرمایہ کاری اس کی ایک مثال ہے، جبکہ دیگر بڑی کمپنیاں بھی ملک میں سینکڑوں ارب ڈالر لگا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ “بگ بیوٹی فل بل” کی منظوری نے امریکی معیشت کو نئی زندگی دی ہے، مہنگائی میں کمی آئی ہے، تنخواہوں میں اضافہ ہوا ہے، اور اسٹاک مارکیٹ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔

صدر ٹرمپ نے مزید بتایا کہ انہوں نے سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے کے لیے خلیجی ممالک سمیت کئی بین الاقوامی دورے کیے ہیں۔ ساتھ ہی اعلان کیا کہ مائیکروچِپس اور سیمی کنڈکٹرز پر 100 فیصد ٹیرف نافذ کیا جائے گا، تاکہ امریکی انڈسٹری کو بیرونی دباؤ سے محفوظ رکھا جا سکے۔

مزیدخبریں